دینِ حنیف ڈاٹ کام کا تعارف
اسلام وہ آفتابِ ہدایت ہے، جو فطرت کے افق سے طلوع ہوا، عقلِ انسانی کو بصیرت بخشی، اور وحیِ الٰہی کی شعاعوں سے دلوں کی تاریکیوں کو منور کیا۔ یہی وہ دین ہے، جس نے جہالت کے سنگین مظاہر کو پاش پاش کر دیا اور دلوں کے سنسان وادیوں میں نورِ ربانی کے چشمے جاری کیے۔
اس دین کی بنیاد وہی ہے، جسے قرآن کریم نے "ملّة إبراهيم حنيفاً” کے لقب سے یاد فرمایا، اور جس پر سرورِ کائنات ﷺ نے کمالِ حکمت، اور نورِ وحی کے ساتھ ایک مکمل اور دائمی عمارت استوار فرمائی۔ یہی خالص، معتدل اور فطری دین "دینِ حنیف” کہلاتا ہے ایسا دین جو ہر طرح کی بد عقیدگی کی آمیزش سے پاک، فطری اور سچائی و صداقت کا مکمل ترجمان ہے۔
یہ دور علم و فن کا دور ہے۔ وقت کی برق رفتاری نے دنیا کو ایک "گلوبل بستی” میں تبدیل کر دیا ہے۔ آج کا باشعور انسان جب کسی دینی الجھن یا شرعی مسئلے کا سامنا کرتا ہے، تو وہ کتب خانوں کی گرد آلود الماریوں کی طرف رجوع کرنے کے بجائے، انٹرنیٹ کے سرچ بار پر سوال ٹائپ کرتا ہے۔ جو کچھ اس کی اسکرین پر نمودار ہوتا ہے، وہی اس کی فکر، اور بسا اوقات اس کا دین بھی بن جاتا ہے۔
افسوس کہ ایسے حساس ڈیجیٹل ماحول میں اہلِ سنت وجماعت (مسلک اعلی حضرت) کی مستند، متحقق اور علمی ذخیرے کی نمائندگی نہایت کمزور ہے، جب کہ دیگر گمراہ افکار کے متحملین پوری منصوبہ بندی اور جدتِ اسلوب کے ساتھ اپنے اپنے نظریات کی نشر و اشاعت میں سرگرم عمل ہیں ۔ وہ باطل کو حق، اور حق کو متروک و فرسودہ بنا کر پیش کرتے ہیں۔
اسی فکری خلاء کو پُر کرنے کے لیے "دینِ حنیف ڈاٹ کام” کے نام سے ایک منفرد اور سنجیدہ علمی ویب سائٹ وجود میں لائی گئی ہے، جو اہلِ سنت کے علمی و اعتقادی سرمائے کی نہ صرف ترجمان اور امین ہوگی۔بلکہ طرح طرح کی فکری انتشار، نظریاتی شورش، اور گمراہی کی تاریکی کے خلاف روشن چراغ، ہادیِ راہ، اور بصیرت افروز صدا بھی ہوگی۔ یہ محض ایک معلوماتی ویب سائٹ نہیں، بلکہ علم و فہم، تحقیق و تدبر، اور دینی بصیرت کا ایک پختہ اور معتبر سرچشمہ ہے
- دینِ حنیف ڈاٹ کام کے مقاصد
1. عقائدِ اہلِ سنت کی نشر و اشاعت
2. مسلک اعلی حضرت کی تبلیغ و ترویج
3. فقہی شعور کی بیداری
4. معتمد فتاویٰ کی فراہمی
5. عصری مسائل میں اجتہادی بصیرت
6. فقہی و اعتقادی ذخیرے کی اشاعت
7. طلبہ و محققین کے لیے علمی معاونت
ہم بارگاہِ خدا وندی میں دعا گو ہیں کہ پروردگار عالم اس حقیر کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول و مقبول فرمائے اور اخلاص کے نور سے معمور فرمائے ، ریا،غرور اور غلو سے محفوظ رکھے اس کے ہر لفظ کو امت کے لیے ہدایت کا ذریعہ اور ہر حرف کو ہمارے لیے صدقۂ جاریہ بنائے امت کے لیے نورِ بصیرت،اور ہمارے لیے نورِ قبر و حشر بنائے
آمین یا رب العالمین بجاہ النبی الامین